نظام آباد:17؍ ستمبر ( اعتماد نیوز) ضلع اقلیتی بہبود عہدیدارپی موہن لال
کی اطلاع کے بموجب ریاستی حکومت کی جانب سے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ 2015-16
فریش اور رینول (Fresh & Renewal) درخواست گذاروں کو اطلاع دی جاتی ہے
کہ آن لائن رجسٹریشن کیلئے آخری تاریخ 30 اکتوبر2015ء مقرر ہے اور سال
2014-15ء طلباء کو بھی اطلاع دی جاتی ہے کہ فریش اوررینول زیر تعلیم طلباء
بھی مقررہ تاریخ 20؍ستمبر2015ء سے قبل آن لائن رجسٹریشن کروالیں۔علاوہ ازیں
پی موہن لال نے بتایا کہ ضلع نظام آبادمیں متعلقہ منڈل کے شادی مبارک
استفادہ کنندگان کو اطلاع دی جاتی ہے کہ (آن لائن) مکمل کردہ درخواستیں معہ
اصل دستاویزات جس میں انکم سرٹیفکٹ‘ کمیونٹی سرٹیفکٹ‘ لڑکی اور لڑکے کا
آدھار کارڈ‘ بنک اکاونٹ پاس بک‘ شادی کا
رقعہ‘ فوٹو اور تاریخ پیدائش کا
صداقت نامہ بھی منسلک کریں۔اس کے علاوہ استفادہ کنندگان کو اس بات کی اطلاع
دی جاتی ہے کہ شادی مبارک اسکیم کیلئے درخواست داخل کرنے کے دوران Saving
Account کا ہی استعمال کریں۔ زیرو بیالنس اکاونٹ‘ اسٹوڈنٹ اکاونٹ کے نمبر
کے اندراج پر رقم کی منتقلی کے دوران مشکلات کا سامناہے۔ تکمیل شدہ فارمس
متعلقہ منڈل کے تحصیل آفس میں جلد ازجلد داخل کردیں تاکہ تصدیق کے بعد دفتر
محکمہ اقلیتی بہبود نظام آباد کی جانب سے رقم کی منظوری عمل میں آسکے۔
شادی کے وقت لڑکی کی عمر 18 سال مکمل ہو اور لڑکے کی عمر 21 سال مکمل ہونا
لازمی ہے۔ بصورت دیگر درخواست مسترد کردی جائے گی۔ مزید اطلاع دی جاتی ہے
کہ عقد ثانی (دوسری شادی) کے عاقد و عاقدہ شادی مبارک اسکیم کیلئے اہل نہیں
ہیں۔